28 مارچ 2022 - 15:47
ایران نے کرونا ویکسین کی برآمد شروع کر دی

ایرانی وزیر صحت بہرام عین اللہی نے پیر کے روز بتایا کہ 2 لاکھ خوراکوں پر مشتمل کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ نکاراگوا بھیج دی گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے کورونا وائرس کی ویکسین کی برآمدات شروع کر دی ہیں۔ ایرانی وزیر صحت بہرام عین اللہی نے پیر کے روز بتایا کہ 2 لاکھ خوراکوں پر مشتمل کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ نکاراگوا بھیج دی گئی ہے۔ عین اللہی نے کہا کہ ایران کا شمار ویکسین کی تیاری کے میدان میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں ہوتا ہے اور اس وقت ملک میں ویکسین کی تیاری کے چھ مراکز ہیں، جہاں مختلف قسم کی ویکسین تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کی 40 لاکھ خوراکیں ایران سے دوسرے ممالک کو برآمد کرنے کے لیے دستیاب ہیں۔ ایرانی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کہ ایران اب دیگر ممالک کو اہم ادویات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ اسلامی جمہوریہ مختلف قسم کی ادویات کی تیاری میں خود کفیل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کا مقصد اگلے چند سالوں میں ادویات کی تیاری میں زیادہ سے زیادہ خود کفالت تک پہنچنا ہے۔ یاد رہے کہ ایران کا شمار کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے جہاں اس موذی مرض سے تقریباً ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد اموات واقع ہوئی ہیں۔ امریکہ کی بدترین پابندیوں کے بائوجود ایرانی ماہرین نے مختصر مدت میں نہ صرف کرونا ویکسین تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی بلکہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر برآمد کے بھی قابل بنا دیا۔ ادھر ایرانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 57 ملین ایرانیوں کو مکمل ویکسین دی جا چکی ہے۔ جبکہ 26 ملین سے زیادہ کو تیسرا بوسٹر ڈوز بھی دیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242